کراکس: حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے تباہ کن متعدد زلزلوں کے نتیجے میں ارجنٹائن کے فٹبالر لوکاس تریخو کی اہلیہ اور ان کے 2 بچے ہلاک ہو گئے۔
کلب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں اس افسوس ناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لوکاس تریخو اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور 2 بچے آرون تریخو اور آئینہوا تریخو ساحلی علاقے پلایا گراندے میں موجود تھے جہاں ان کی رہائشی عمارت منہدم ہو گئی۔
واقعے کے بعد فٹ بالر کے بیوی بچے لاپتہ ہو گئے تھے تاہم امدادی ٹیموں نے بعد میں ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
زلزلے کے وقت لوکاس تریخو اپنی ٹیم کے ساتھ دارالحکومت کراکاس میں آئندہ میچ کی تیاری میں مصروف تھے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ اور بچوں کی تلاش کے لیے عوام سے دعا اور مدد کی اپیل بھی کی تھی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق 24 جون کو آنے والے ان زلزلوں سے تقریباً 6.76 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 1,000 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ہزاروں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
