Thursday, June 25, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینحکومت کا معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لئے درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کا فیصلہ

حکومت کا معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لئے درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کا فیصلہ

اسلام آباد: (آئی پی ایس) حکومت نے معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور تجارتی نظام میں مسابقت بڑھانے کے لیے 5 سالہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کے تحت درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
پانچ سالہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 میں کسٹمز، ریگولیٹری، ایڈیشنل ڈیوٹیز میں مرحلہ وار نمایاں کمی لائی جائے گی۔ اس پالیسی کا بنیادی مقصد اوسط ٹیرف کو 20.19 فیصد سے کم کر کے 9.70 فیصد تک لانا ہے۔ اس اقدام سے ریونیو کی مد میں 143 ارب روپے نقصان کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی حلقوں کے مطابق اس اقدام سے مارکیٹ میں مقابلہ بڑھے گا اور درآمدی لاگت میں کمی آئے گی۔ حکام نے بتایا کہ 5 سال میں کسٹمز ڈیوٹی کو زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک محدود کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح اضافی کسٹمز ڈیوٹی کو 6 فیصد سے کم کرکے بتدریج صفر کرنے کا پلان شامل ہے۔

علاوہ ازیں ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح بھی 20 فیصد تک محدود رکھنے اور اسے مرحلہ وار ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 5 سال میں درآمدی ڈیوٹی کی اوسط شرح 16.56 فیصد تک کم کرنے کا ہدف ہے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مقامی اور درآمدی گاڑیوں پر یکساں ٹیرف کی سفارش کی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت مقامی صنعت اور درآمدی مارکیٹ کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ اصلاحات ٹیرف ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد ملکی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور تجارتی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔