اسلام آباد(سب نیوز)ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آنے سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان دیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، ایران اور امریکا جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے قریب ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو فوری منتقل کیا جائے، لہذا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کے لیے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شفاف فارمولے کی بدولت عوام قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات کو سمجھ سکیں گے، نیا فارمولا تمام اسٹیک ہولڈرز سے مکمل مشاورت کے ساتھ بنایا جائے گا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی سپلائی چین بلا تعطل برقرار رکھی گئی، حکومت توانائی سلامتی کے فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی سلامتی کے لیے متعدد نئے اقدامات پر کام جاری ہے، بحران کے دوران تعاون پر تمام شراکت داروں اور عوام کے شکر گزار ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

