اسلام آباد(آئی پی ایس) پاور ڈویژن نے صارفین کو مزید سہولت اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف کرا دیا ہے۔
وزارتِ توانائی کی ہدایت پر تمام ڈسکوز نے بجلی کے بلوں کا نیا ڈیزائن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد بلوں کو زیادہ سادہ، شفاف اور صارف دوست بنانا ہے۔
نئے فارمیٹ میں صارفین اپنی بجلی کی کھپت، بل کی تفصیلات، واجب الادا رقم اور ادائیگی کی آخری تاریخ سمیت تمام اہم معلومات ایک نظر میں آسانی سے دیکھ سکیں گے۔
حکام کے مطابق پرانا بل غیر ضروری معلومات، تکنیکی اصطلاحات اور پیچیدہ ترتیب کے باعث عام صارفین کے لیے سمجھنا مشکل تھا، جس پر موصول ہونے والی شکایات کے بعد بل کے فارمیٹ کو مکمل طور پر ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے۔
نئے بجلی بل میں معلومات کو منظم اور واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ بصری پیچیدگی بھی کم کر دی گئی ہے تاکہ ہر طبقے کے صارفین اسے آسانی سے سمجھ سکیں۔
جدید سہولت کے تحت بل میں کیو آر کوڈ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اضافی معلومات اور مختلف ڈیجیٹل سروسز تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے بلوں کی تشکیل صارفین اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں کی گئی ہے اور پاور سیکٹر میں شفافیت، بہتر خدمات اور اصلاحات کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

