مری (نمائندہ خصوصی) مری ایکسپریس وے پر 10 جون 2026 کو پیش آنے والے المناک حادثے کے مرکزی ملزم کو موٹروے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ممتاز احمد، جو ملتان کا رہائشی ہے، حادثے کے بعد سے مفرور تھا اور تھانہ مری میں درج مقدمہ نمبر 330/26 میں مطلوب تھا۔
موٹروے پولیس کے ڈی ایس پی محمود نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم حادثے میں خود بھی زخمی ہوا تھا، جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں اس کی مرہم پٹی کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق موٹروے پولیس کے ڈی ایس پی آفتاب ملزم کو جلد تھانہ مری پولیس کے حوالے کریں گے، جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 10 جون کو مری ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار ہائی ایس حفاظتی دیوار سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گئی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں 10 مسافر جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ مری میں دفعہ 279، 322، 337G اور 427 کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کے دوران حادثے سے متعلق مزید اہم حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔

