مدینہ منورہ: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے رات گئے مدینہ منورہ میں پاکستانی حجاج کرام کی رہائش گاہوں کا اچانک دورہ کیا اور مسجد نبویؐ کے قریب مرکزیہ میں مقیم عازمین حج سے ملاقاتیں کرکے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر حجاج کرام نے سرکاری حج اسکیم کے تحت کیے گئے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین قرار دیا۔ پانچویں مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حاجی حکیم رفیع اللہ نے کہا کہ امسال انتظامات مثالی ہیں اور ماضی کے مقابلے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
حجاج نے کھانے، رہائش، ٹرانسپورٹ اور خدام الحجاج کی خدمات کو سراہتے ہوئے وزارت مذہبی امور کی کاوشوں کی تعریف کی۔ حاجی ڈاکٹر سعید نے کہا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے کے فیصلے پر انہیں فخر ہے کیونکہ حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے حجاج کی آراء اور تجاویز بھی سنیں۔ فیملی کے ساتھ آنے والے بعض حجاج نے مدینہ منورہ میں بھی فیملی رومز کی فراہمی کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اضافی رقم ادا کرنی پڑے تو بھی یہ سہولت فراہم کی جائے۔
سردار محمد یوسف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حج آپریشن کے آخری مرحلے تک حجاج کرام کی خدمت میں کوئی کمی نہ رہنے دی جائے۔ انہوں نے کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے اور حجاج کی ہر شکایت کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حجاج کرام کو مثالی سہولیات کی فراہمی وزارت مذہبی امور کی اولین ترجیح ہے اور حجاج کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

