Thursday, June 4, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی پر خصوصی پیغام

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی پر خصوصی پیغام

اسلام آباد:(سب نیوز) چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی حکومت، ریاستی اداروں اور امریکہ کے عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔


اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جو باہمی احترام، مشترکہ مفادات، علاقائی استحکام اور عالمی امن کے اصولوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔


چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاع، معیشت، تجارت، پارلیمانی روابط، سفارت کاری، تعلیم اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان اور امریکہ کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ مختلف علاقائی حالات اور کشیدگی کے دوران دونوں ممالک نے امن، مکالمے اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو ترجیح دی ہے۔


چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن، باہمی احترام اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے اور امریکہ کے قومی دن کے موقع پر دعا گو ہے کہ دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو اور جاری عالمی کشیدگیوں کے مستقل اور منصفانہ حل کی راہ ہموار ہو۔


آخر میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امریکہ کے صدر، امریکی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے اور دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے مواقع سے مشترکہ ترقی اور استحکام کی جانب پیش رفت جاری رکھیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔