لاہور (آئی پی ایس )پنجاب حکومت کے بچوں اور خواتین کے تحفظ سے متعلق 2 ڈیجیٹل منصوبوں کو اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے عالمی سطح کے ڈبلیو ایس آئی ایس (WSIS) ایوارڈز 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پنجاب کامیرا پیارا ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی عالمی سطح پر ٹاپ فائیو چیمپئن منصوبوں میں شامل ہوگیا، جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی دنیا کے بہترین 20 منصوبوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اس سال واحد ملک بن گیا ہے جس کے 2 منصوبے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، اور دونوں منصوبے پنجاب حکومت کے ہیں۔بچوں کے تحفظ کے لیے قائم ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی (میرا پیارا) کو ای گورننس کیٹیگری میں دنیا کے ٹاپ فائیو چیمپئن منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت کا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی عالمی سطح پر ٹاپ 20 منصوبوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ملنے والا یہ اعتراف پنجاب میں ٹیکنالوجی کی مدد سے عوامی خدمات کی فراہمی اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی اصلاحات پر اعتماد کا مظہر ہے۔اعداد و شمار کے مطابق میرا پیارا منصوبے کے ذریعے اب تک بچوں سے متعلق مختلف نوعیت کے ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زیادہ کیسز کامیابی سے نمٹائے جا چکے ہیں۔

