ڈھاکہ (آئی پی ایس )بنگلہ دیش کے وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان نے ہفتے کے روز اپنے والد، سابق صدر اور بی این پی کے بانی ضیا الرحمان کی 45ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
طارق رحمان نے صبح تقریبا 11 بجے ڈھاکا کے شیر بنگلہ نگر میں واقع ضیا الرحمان کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں نے پہلے وزیراعظم اور بعد ازاں بی این پی چیئرمین کی حیثیت سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس موقعے پر پارٹی کے سینیئر رہنما، کابینہ کے ارکان اور حکومتی مشیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔مزار پر مختصر خاموشی اور دعا کے بعد طارق رحمان نے پارٹی کے مذہبی ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔
بعد ازاں انہوں نے ڈھاکا کے مانک میا ایونیو پر واقع راجدھانی ہائی اسکول میں مستحق خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کے ذریعے ملک گیر فلاحی پروگرام کا آغاز کیا۔ یہ اقدام ضیا الرحمان کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات کا حصہ ہے جن میں خوراک، امدادی سامان اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔
پارٹی حکام کے مطابق طارق رحمان دن بھر دارالحکومت کے 16 مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔اس موقعے پر کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ضیا الرحمان کی سیاست عوامی خدمت، محروم طبقات کی مدد اور قومی تعمیر پر مبنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ شہید صدر ضیا الرحمان کی سیاست عوام کے ساتھ کھڑے ہونے، ان کی مدد کرنے اور قوم کی تعمیر کے لیے تھی۔ ان کے نظریات سے رہنمائی لیتے ہوئے ملک کی تعمیر کے لیے خود کو وقف کریں۔بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ملک بھر میں ضیا الرحمان کی برسی دعائیہ تقریبات، مباحثوں اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے منا رہی ہے۔

