اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے 3 میچوں کی سیریز کے افتتاحی مقابلے میں پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر کینگروز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت جوش انگلس کر رہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے کرکٹ کے تاریخی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو آسٹریلیا کا پلہ بھاری دکھائی دیتا ہے جہاں اب تک کھیلے گئے 111 میچوں میں سے 6 بار کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا نے 71 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں، جبکہ گرین شرٹس صرف 36 مقابلوں میں سرخرو ہو سکے ہیں۔
اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے اور ایک میچ ٹائی رہا۔ تاہم پاکستان کے لیے سب سے بڑا حوصلہ نومبر 2024 میں کھیلی گئی آخری ون ڈے سیریز ہے، جہاں پاکستان نے آسٹریلیا کو اسی کی دھرتی پر 2 ایک سے تاریخی شکست دی تھی، جو کینگروز کے خلاف ان کے ہوم گرانڈ پر پاکستان کی پہلی ون ڈے سیریز میں جیت تھی۔
اگر دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم کا موازنہ کیا جائے تو دونوں کا گراف یکساں نظر آتا ہے کیونکہ پاکستان اور آسٹریلیا دونوں نے اپنے آخری 5 مکمل ہونے والے ون ڈے میچوں میں سے 3، 3 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
قومی ٹیم نے اپنی آخری ون ڈے سیریز رواں سال مارچ میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی تھی جس میں اسے 2 ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا.
دوسری طرف آسٹریلوی ٹیم تقریبا7 ماہ کے طویل وقفے کے بعد پچاس اوورز کے فارمیٹ میں واپس آئی ہے، جہاں انہوں نے آخری بار اکتوبر 2025 میں اپنی ہوم سیریز میں بھارت کو 2 ایک سے شکست دی تھی۔ راولپنڈی میں کھیلا جا رہا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
پاکستان نے آج کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کرتے ہوئے اپنا 1000 واں ون ڈے میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، اور اس یادگار اور تاریخی موقع پر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو اس عظیم میچ کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جا رہے اس تاریخی مقابلے کے آغاز پر ایک پروقار لمحہ اس وقت دیکھنے کو آیا جب آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے اس یادگار میچ کی مناسبت سے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ایک خصوصی سووینئر پیش کیا۔اس عظیم سنگِ میل کو عبور کرنے کے بعد پاکستان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 1000 میچز کھیلنے والی دنیا کی محض تیسری ٹیم بن گئی ہے، جو ملکی کرکٹ کے شاندار ماضی اور تسلسل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اس تاریخی اور یادگار موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے، اور پوری ٹیم اس میچ کو جیت کر یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ تاریخی مقابلہ جہاں پاکستان کرکٹ کے ایک طویل اور شاندار سفر کی علامت ہے، وہی راولپنڈی میں موجود ہزاروں شائقینِ کرکٹ بھی اس یادگار لمحے کا گواہ بننے پر بے حد پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

