Saturday, May 30, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزکیا وزیراعلی خیبرپختونخوا کی سیاسی پوزیشن کمزور ہو رہی ہے؟ متعدد ممبران عی ناراضی کی بازگشت، پی ٹی آئی کے 20 سے زائد ارکان اسمبلی کے تحفظات

کیا وزیراعلی خیبرپختونخوا کی سیاسی پوزیشن کمزور ہو رہی ہے؟ متعدد ممبران عی ناراضی کی بازگشت، پی ٹی آئی کے 20 سے زائد ارکان اسمبلی کے تحفظات

اسلام آباد /پشاور(سب نیوز )خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اندر اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگی ہیں، جہاں 20 سے زائد ارکانِ صوبائی اسمبلی کے وزیراعلی سہیل آفریدی کی کارکردگی اور طرزِ حکمرانی پر ناراض ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق مختلف معاملات پر تحفظات رکھنے والے ارکان جلد اپنی آئندہ حکمت عملی طے کرنے کے لیے اجلاس بھی طلب کر سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ناراض ارکان کا موقف ہے کہ صوبے میں گورننس اور امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں، جبکہ وزیراعلی بیوروکریسی پر مثر گرفت قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ارکان کا دعوی ہے کہ بعض سرکاری افسران صوبائی حکومت کے بجائے وفاقی سطح کی ہدایات کو ترجیح دیتے ہیں، جس سے انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں۔

متعدد ارکان اسمبلی اس بات پر بھی نالاں ہیں کہ انہوں نے مختلف مواقع پر اپنے تحفظات وزیراعلی کے سامنے رکھے، تاہم ان پر خاطر خواہ عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ فنڈز کی تقسیم میں مبینہ عدم توازن اور کابینہ میں توسیع سے متعلق معاملات بھی ناراضی کی وجوہات میں شامل بتائے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ناراض ارکان اپنے تحفظات اور آئندہ لائحہ عمل پر غور کے لیے جلد ایک اجلاس منعقد کر سکتے ہیں، جس میں پارٹی اور حکومتی امور پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی کی گروپ بندی سے متعلق اطلاعات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے تمام ارکان متحد ہیں اور وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔