اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کو پاور پلے میں زیادہ رنز بنانے اور وکٹیں حاصل کرنے کے شعبے پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ گزشتہ ایک سال کے دوران اس حوالے سے نمایاں بہتری نہیں آ سکی۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مڈل اوورز میں اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر بھی توجہ دینا ہوگی تاکہ دبا کو کم کیا جا سکے۔
ہیڈ کوچ کے مطابق قومی ٹیم گزشتہ 10 روز سے لاہور میں کیمپ کر رہی تھی، اور اس دوران کھلاڑیوں کے اعتماد میں گزشتہ ایک سال کے مقابلے میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔
محمد رضوان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہاکہ ان کی آمد سے قبل رضوان نہ صرف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ تھے بلکہ کپتان بھی تھے، تاہم ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے محسوس کیا کہ کپتانی میں تبدیلی ضروری ہے کیونکہ ٹیم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پا رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جب سے ہیڈ کوچ بنے ہیں، محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شامل نہیں ہیں۔
انہوں نے واضح کیاکہ ٹیم کا انتخاب ہمیشہ انفرادی کارکردگی اور ٹیم کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
ان کے مطابق بنگلہ دیش سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جبکہ محمد رضوان بھی اسکواڈ کا حصہ تھے۔
انہوں نے کہاکہ آئندہ سال ورلڈ کپ کے پیش نظر ٹیم مینجمنٹ مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ سے متعلق سوال پر مائیک ہیسن نے کہا کہ آسٹریلیا کا ون ڈے ریکارڈ ہمیشہ مضبوط رہا ہے جبکہ پاکستان کئی مواقع پر انہیں شکست دینے میں ناکام رہا ہے۔
نائب کپتانی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں سلمان علی آغا کی نائب کپتانی کے باضابطہ اعلان کا علم نہیں، تاہم وہ گزشتہ 5 سیریز سے یہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

