Saturday, May 23, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین،باہمی تعاون بڑھانے کے2معاہدوں پر دستخط

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین،باہمی تعاون بڑھانے کے2معاہدوں پر دستخط

ہانگژو (آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا وفد کے ہمراہ دورہ چین جاری ہے، اور اب تک 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرلیے گئے ہیں، ان تقریبات میں وزیراعظم نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے چین کے شہر ہانگژو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہا ئوسے ملاقات کی۔ اس موقع پر وانگ ہا نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا ژجیانگ صوبے میں خیرمقدم کیا۔وزیراعظم نے ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقیاتی منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے شی جن پنگ کی اس دور اندیش قیادت کی تعریف کی جو انہوں نے سی پی سی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری کی حیثیت سے انجام دی۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے اس تصور صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ ژجیانگ کی ترقی اس بات کی واضح مثال ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلی معیار کی معاشی نمو کو ایک دوسرے کے معاون انداز میں کیسے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ بالخصوص ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔شہباز شریف نے کہاکہ صوبائی سطح پر تعاون پاکستان اور چین کے تعلقات کا ایک اہم ستون ہے، جو صنعتی اشتراک، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے تعاون پر مبنی 2 اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔پہلی مفاہمتی یادداشت ژجیانگ صوبے اور پنجاب کے درمیان سسٹر پروونس تعلقات کے قیام سے متعلق تھی، جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم نے ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ کے درمیان چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 4 روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے۔شیا شین ائیرپورٹ ہانگژو پہنچنے پر نائب گورنر ژجیانگ شو وینگوانگ، چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ اور پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہا سے ملاقات ہوگی۔ اس کے علاوہ وزیرِ اعظم سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔اس موقع پر مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔وزیرِ اعظم چینی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے۔ اس دوران وہ باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔