دوحہ(آئی پی ایس )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امیر قطر شیخ تمیم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا،شیخ تمیم نے ٹرمپ سے کشیدگی کم کرنے اور تناو میں کمی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا،قطری امیری دیوان کے مطابق پاکستان کی قیادت میں سفارتی کوششوں کی حمایت کی توثیق کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کے حوالے سے پاکستان کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران میں موجود ہیں اور ان کی ایرانی اعلی حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جب کہ میڈیا رپورٹس کے بعد ایران نے بھی قطر کے اعلی سطح وفد کی تہران میں موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ہفتے کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی بڑھتی ہوئی کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں مشرقِ وسطی کی صورتحال اور حالیہ سفارتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماوں نے خطے میں تناو کم کرنے اور استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، جب کہ اس دوران خاص طور پر پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی ثالثی پر بھی گفتگو ہوئی۔گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات ناگزیر ہیں۔ دونوں فریقوں نے سمندری راستوں کے تحفظ، اہم آبی گزرگاہوں کی سلامتی اور عالمی توانائی و سپلائی چین کے استحکام کو بھی اہم قرار دیا۔قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق امیرِ قطر نے اس موقع پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے قطر کے عزم کا اعادہ کیا اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔
