Wednesday, May 20, 2026
ہومتازہ ترینپاکستان میں 2دہائیوں بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کا عمل دوبارہ شروع

پاکستان میں 2دہائیوں بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کا عمل دوبارہ شروع

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کا عمل تقریبا دو دہائیوں بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے آف شور بڈ رانڈ 2025 کے تحت پروڈکشن شیئرنگ معاہدے اور ایکسپلوریشن لائسنسز کی دستخطی تقریب میں شرکت کی، معاہدے کے مطابق ابتدائی تین سالہ لائسنس مدت کے فیز ون میں 82 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی، فیز ٹو میں ڈرلنگ تک پیش رفت کی صورت میں مجموعی سرمایہ کاری تقریبا ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سندھ اور بلوچستان کی ساحلی حدود سے متصل انڈس اور مکران آف شور بیسنز میں بلاکس الاٹ کیے گئے ہیں، آف شور بڈ راونڈ 2025 میں 54 ہزار 600 مربع کلومیٹر رقبے پر محیط 23 بلاکس کی منظوری دی گئی، دو بلاکس آف شور ڈیپ سی اور آف شور ڈیپ ایف کے معاہدے 2دسمبر 2025 کو وزیراعظم ہاوس میں طے پا چکے ہیں۔

مزید 21پروڈکشن شیئرنگ معاہدوں پر دستخط کے بعد آف شور بڈ روانڈ 2025 کا معاہداتی فریم ورک مکمل ہوگیا۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے معاہدوں پر دستخط حکومت کی توانائی پالیسی میں ایک تاریخی سنگِ میل ہیں، آف شور ایکسپلوریشن کی بحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے، یہ معاہدے پاکستان کے سمندری تیل و گیس کے امکانات پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ آف شور بڈ رانڈ کی کامیاب تکمیل شفاف اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی عکاس ہے، آف شور پیٹرولیم رولز کے نفاذ اور ماڈل پروڈکشن شیئرنگ ایگریمنٹ کے اجرا سے شفافیت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، ماری انرجیز نے 23 میں سے 18 بلاکس بطور آپریٹر اور 5 بلاکس بطور جوائنٹ وینچر پارٹنر حاصل کیے۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کو آٹھ ایکسپلوریشن بلاکس الاٹ ہوئے جن میں دو بلاکس بطور آپریٹر شامل ہیں، پرائم گلوبل انرجیز کو ایک بلاک بطور آپریٹر الاٹ کیا گیا، فیز ون میں سیسمک ڈیٹا اکٹھا کرنے، پروسیسنگ سمیت جیولوجیکل و جیو فزیکل اسٹڈیز شامل ہوں گی، مثبت نتائج کی صورت میں فیز ٹو کے تحت سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے ایکسپلوریشن کنویں کھودے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔