Wednesday, May 20, 2026
ہومتازہ ترینانمول عرف پنکی کے علاوہ کراچی میں کون کون آن لائن منشیات فروخت کررہا ہے؟ تہلکہ خیز رپورٹ سامنے آگئی

انمول عرف پنکی کے علاوہ کراچی میں کون کون آن لائن منشیات فروخت کررہا ہے؟ تہلکہ خیز رپورٹ سامنے آگئی

کراچی :(آئی پی ایس) انمول پنکی کے علاوہ آن لائن نشے کا دھندا کرنے والے 70 منشیات فروشوں کی شہر میں موجودگی کا انکشاف سامنے آیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں آن لائن منشیات فروشی کے بڑھتے ہوئے رجحان سے متعلق قانون نافذ کرنے والے ادارے کی اہم رپورٹ سامنے آگئی، جس میں شہر بھر میں 70 آن لائن منشیات فروشوں کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ منشیات فروش سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آئس، کرسٹل اور ویڈ جیسی منشیات سپلائی کررہے ہیں، رپورٹ میں انمول عرف پنکی کا نام بھی شامل ہے، جو درخشاں تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر آن لائن منشیات کے کاروبار میں ملوث بتائی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ آن لائن منشیات فروشی میں خواتین بھی سرگرم ہیں۔ صدر تھانے کی حدود میں سمیرہ عرف بے بی مبینہ طور پر آن لائن منشیات کا بڑا نیٹ ورک چلارہی ہے، جبکہ سائٹ اے تھانے کی حدود میں دو خواتین لال جان اور مہرالنساء عرف بیبل بھی اس غیرقانونی دھندے میں ملوث ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ساوتھ میں سب سے زیادہ 45 آن لائن منشیات فروش سرگرم ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ سٹی میں 3، ملیر میں 2، ویسٹ میں 5، ایسٹ میں 4، کیماڑی میں 4 اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 7 منشیات فروش آن لائن کاروبار میں ملوث ہیں۔

رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد شہر میں آن لائن منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔