اسلام آباد: (آئی پی ایس) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں راول ڈیم کے پانی کو آلودگی سے بچانے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران راول ڈیم میں گرنے والے نالوں پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، حکام نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ بھی دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب سے شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کا مکمل خاتمہ کیا جائے، جبکہ آپریشن کلین اپ کسی دباؤ کے بغیر اپنے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک پر جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا، جس پر محسن نقوی نے منصوبہ 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
اس موقع پر کیپیٹل پولیس کالج کی اپگریڈیشن پلان پر بھی غور کیا گیا، منصوبے کے تحت نئے کلاس رومز، میس اور زیر تربیت اہلکاروں کیلئے نئی بیرکس تعمیر کی جائیں گی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت کو مختلف منصوبوں پر مفصل بریفنگ بھی دی گئی۔
