Tuesday, May 12, 2026
ہومتازہ ترینفیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کا ایک اور اہم سنگِ میل عبور

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کا ایک اور اہم سنگِ میل عبور

اسلام آباد:(سب نیوز) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے ) نے سیکٹر ایف چودہ اور ایف پندرہ اسلام آباد کے متاثرین کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے لینڈ شیئرنگ بنیاد کے تحت پروویژنل آفر لیٹرز (پی او ایل ) کی باقاعدہ تقسیم کا آغاز کر دیا۔ اس اقدام سے متاثرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ ہاؤسنگ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے حوالے سے اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔


اس سلسلے میں سیکٹر ایف چودرہ اور ایف پندرہ اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی اور ڈائریکٹر لینڈ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران متاثرین میں پروویژنل آفر لیٹرز تقسیم کیے گئے جبکہ متعلقہ افسران نے متاثرین سے ملاقات کر کے انہیں یقین دہانی کروائی کہ ہاؤسنگ اتھارٹی ان کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے بروقت حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی نے کہا کہ سیکٹر F-14 اور F-15 وفاقی دارالحکومت کے اہم ترین رہائشی منصوبوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود، اور ڈائریکٹر جنرل FGEHA کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ہدایات کے مطابق ان منصوبوں پر ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لینڈ شیئرنگ بنیاد کے تحت متاثرین کو ان کا جائز حق فراہم کرنا ہاؤسنگ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور آج کا اقدام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ حکام کے مطابق متاثرین کے مسائل کے حل، شفافیت کے فروغ اور اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں جبکہ ترقیاتی کاموں میں بھی نمایاں تیزی لائی جا چکی ہے۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیکٹر F-14 اور F-15 مستقبل میں جدید رہائشی سہولیات سے آراستہ مثالی ہاؤسنگ منصوبے ثابت ہوں گے۔
تقریب میں شریک متاثرین نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ ترقیاتی اور انتظامی امور کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔