اسلام آباد(سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی امن، دوطرفہ تعلقات اور سمندری امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس موقع پر خطے اور دنیا میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماوں کے درمیان بین الاقوامی سمندری حدود میں پیش آنے والے حالیہ واقعات اور بحری امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔گفتگو میں پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور اعلی سطحی روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ سنگاپور کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔
اسحاق ڈار کا سنگاپور کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
