Wednesday, May 6, 2026
ہومکالم وبلاگزکالمزٹرمپ کی سیاست ایک نازک موڑ پر

ٹرمپ کی سیاست ایک نازک موڑ پر

ایران امر یکہ جنگ میں ٹرمپ کی سیاست یہ اشارہ دے رہی ہیں کہ امریکی صدرکونہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں اپنی پالیسیوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھنے میں مشکل کا سامناہے بلکہ داخلی سطح پر بھی سیاسی چیلنجز بڑھتے جا رہے ہیں۔ یہ صورتحال ایک ہمہ جہتی دباؤ کی عکاسی کرتی ہے جس کے اثرات عالمی سیاست اور امریکی داخلی منظرنامے دونوں پر پڑ سکتے ہیں۔


آبنائے ہرمز، جو عالمی تیل کی شہ رگ سمجھی جاتی ہے، حالیہ کشیدگی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔مختلف عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع بظاہر جنگ بندی کے باوجود مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ کم شدت کے ساتھ جاری ہے.دونوں ممالک ایک دوسرے پر سیزفائر کی خلاف ورزی کے الزامات لگا رہے ہیں اور اپنی اپنی کامیابیوں کے دعوے بھی کر رہے ہیں، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ اس دوران محدود پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے بھی جاری ہیں، جن میں خلیجی ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات متاثر ہوئے ہیں۔ اگرچہ سفارتی کوششیں جاری ہیں لیکن حالات اب بھی غیر یقینی صورت حال کا شکار ہیں۔


امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے حل کے لیے جاری مذاکرات چند بنیادی نکات کے گرد گھومتے ہیں۔ سب سے پہلے دونوں ممالک فوری جنگ بندی اور فوجی کارروائیوں کے مکمل خاتمے پر بات کرتے ہیں تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔ ایران کا اہم مطالبہ یہ ہے کہ اس پر عائد تمام اقتصادی پابندیاں ختم کی جائیں اور اس کے منجمد اثاثے واپس کیے جائیں، جبکہ امریکہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ پابندیوں میں نرمی مخصوص شرائط کے ساتھ ہونی چاہیے۔ جوہری پروگرام بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، جہاں امریکہ ایران کی یورینیم افزودگی کو محدود کرنا اور سخت نگرانی چاہتا ہے، جبکہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حق کو تسلیم کروانا چاہتا ہے۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنا چاہتا ہے، جبکہ امریکہ وہاں آزادانہ جہاز رانی کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ مزید برآں ایران مشرقِ وسطیٰ سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کرتا ہے، جبکہ امریکہ خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ علاقائی اثر و رسوخ کے معاملے میں بھی اختلاف ہے، جہاں امریکہ ایران کے اتحادی گروہوں کو محدود کرنا چاہتا ہے اور ایران اپنے کردار کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ ایران جنگی نقصانات کے معاوضے کا مطالبہ بھی کرتا ہے، جبکہ امریکہ اس پر آمادہ نظر نہیں آتا۔ آخر میں ایران چاہتا ہے کہ کسی بھی معاہدے کو بین الاقوامی سطح پر، خصوصاً اقوام متحدہ کے تحت ضمانت دی جائے تاکہ مستقبل میں اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ مجموعی طور پر یہ مذاکرات پیچیدہ ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے مطالبات ایک دوسرے سے کافی حد تک متصادم ہیں۔


چین اور روس کی حمایت کے باعث ایران اب زیادہ جارحانہ انداز اختیار کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں امریکی بیانیے اور عملی اقدامات کے درمیان تضاد بڑھتا جا رہا ہے اور امریکہ کو سفارتی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے۔یہاں تک کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اتحادی، بھی اب زیادہ محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ جو براہ راست امریکہ کا روایتی اثر و رسوخ ختم ہونے کا سبب بن رہی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کوصرف خارجی محاذ پر ہی نہیں بلکہ اندرونِ ملک بھی سخت چیلنجز درپیش ہیں۔اس کے علاوہ، ناکام جنگی بیانیے اور میڈیا کے چبتے سوالات نہ صرف عوامی رائے کو متاثر کرر ہے ہیں بلکہ پالیسی سازی پر بھی اثر انداز ہو ر ہے ہیں۔


موجودہ امریکی سیاست میں جیفری ایپسٹین کیس ایک بار پھر شدت کے ساتھ زیرِ بحث ہے، امریکی محکمہ انصاف نے ایپسٹین کیس سے متعلق لاکھوں صفحات پر مشتمل ریکارڈ جاری کیا گیا تھا۔ تاہم ان دستاویزات میں معلومات پوشیدہ رکھنےکی وجہ سے شدید تنقید سامنے آئی، اور اپوزیشن سمیت بعض ریپبلکن رہنماؤں نے بھی اسے ناکافی قرار دیا۔


اس معاملے میں شدت اس وقت آئی جب کانگریس نے محکمہ انصاف کے کردار کی تحقیقات شروع کیں اور سابق اٹارنی جنرل پام بانڈی کو طلب کیا گیا، جنہیں بعد میں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ان پر الزام تھا کہ مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں اور بعض پہلوؤں کو دبایا۔ اس کے ساتھ ساتھ، حکومت پر یہ بھی الزام لگا کہ اس نے ایپسٹین کیس کی تحقیقات کو سیاسی رنگ دے دیا اور بعض اہم افراد کے خلاف کارروائی روک دی گئی۔


اگرچہ ٹرمپ پر کوئی باقاعدہ فوجداری الزام ثابت نہیں ہواجبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ مکمل سچ اب بھی سامنے نہیں آیا۔مجموعی طور پر، ایپسٹین کیس اب صرف ایک مجرمانہ معاملہ نہیں رہا بلکہ امریکی سیاست، شفافیت، اور طاقت کے استعمال کا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جہاں ٹرمپ انتظامیہ کو مسلسل دباؤ، تنقید اور تحقیقات کا سامنا ہے، اور یہ معاملہ آنے والے انتخابات میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔


موجودہ صورتحال میں ٹرمپ ایک مشکل توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ تاہم، زمینی حقائق یہ بتاتے ہیں کہ یہ توازن برقرار رکھنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھتی ہے یا داخلی سطح پر سیاسی دباؤ شدت اختیار کرتا ہے، تو یہ ان کی قیادت کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہو سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔