Thursday, April 30, 2026
ہومتازہ ترینحکومت کا بڑا اقدام: پاکستان اب خود ویکسین تیار کرنے کے قابل ہوگا، مصطفیٰ کمال

حکومت کا بڑا اقدام: پاکستان اب خود ویکسین تیار کرنے کے قابل ہوگا، مصطفیٰ کمال

اسلام آباد:(سب نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو صحت کے شعبے میں دو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جو ملکی ہیلتھ کیئر نظام کے لیے اہم سنگ میل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کراچی میں قائم ڈریپ لیب کو پری کوالیفائی کر دیا گیا ہے، جو عالمی معیار پر پوری اتری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز نہ صرف وزارت صحت بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس سرٹیفیکیشن کے بعد پاکستان سے برآمد ہونے والی ادویات کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی ملے گی اور فارما انڈسٹری پر دنیا کا اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا ڈریپ اور وفاقی حکومت کی مشترکہ کاوشوں کو دیا اور کہا کہ یہ پاکستان کی واحد لیب ہے جسے ہیلتھ کیئر نظام میں یہ مقام حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 6 ماہ میں اس لیب کو لیول 3 تک لے جانے کا ہدف ہے، جس کے بعد پاکستانی ادویات کو دنیا کے 150 ممالک تک رسائی حاصل ہو سکے گی، جبکہ اس وقت پاکستان کی ادویات 51 ممالک کو برآمد کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے ایک اور اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی ویکسین پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے، جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مرتب کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کے بعد پاکستان کو ویکسین تیار کرنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عالمی فارماسیوٹیکل اور ویکسین اداروں کے ساتھ 23 اہم اجلاس کیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان اب تک ویکسین کے لیے عالمی اداروں کی معاونت کا منتظر رہتا تھا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا میں چند ہی کمپنیاں ویکسین تیار کرتی ہیں، جبکہ پاکستان میں حکومت اپنے وسائل سے ویکسین خرید کر بچوں کو مفت فراہم کرتی ہے۔ تاہم اب آنے والے دنوں میں پاکستان خود ویکسین تیار کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کے ہیلتھ کیئر سیکٹر کی تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ملک خود کفیل ہوگا بلکہ عوام کو بیماریوں سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔