اسلام آباد:(سب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن ختم کردی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشنز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کو ختم کر دیا گیا جبکہ استحکام پاکستان تحریک کو بھی ڈی لسٹ کر دیا گیا ہے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں نے الیکشنز ایکٹ اور متعلقہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کیں۔ اعلامیے کے مطابق ان جماعتوں نے انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کرائے اور نہ ہی سالانہ مالی گوشوارے جمع کروائے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کو متعدد مواقع فراہم کیے گئے تاہم وہ قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہیں۔ اس کے بعد 16 اپریل کو ڈی لسٹنگ کا حکم جاری کیا گیا، جس پر اب عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ کی سفارش پر کی گئی، جبکہ دونوں جماعتوں سے ان کے انتخابی نشانات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ جلد ہی ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کر دی جائے گی۔
