Thursday, April 16, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم کی امیرِ قطر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وزیراعظم کی امیرِ قطر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دوحہ (آئی پی ایس )وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے دوحہ میں انتہائی گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے پاکستانی عوام کی جانب سے امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا، قطر کی فضائی حدود میں داخلے پر پاکستانی طیارے کے استقبال کے لیے قطری لڑاکا طیارے بھیج کر غیرمعمولی مہمان نوازی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے اس اقدام کو قطر کی روایتی مہمان نوازی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔ملاقات کے دوران خلیجی خطے سمیت بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی، ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کشیدگی میں کمی، مکالمے اور عالمی سطح پر قریبی رابطہ کاری کے ذریعے امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے قطر اور دیگر علاقائی ممالک کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی، قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماں نے پاکستان اور قطر کے دیرینہ تعلقات کا جائزہ لیا، سیکیورٹی، دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں ہونے والی مثبت اور نتیجہ خیز گفتگو پاکستان کے قطر اور خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔وزیرِ اعظم وفد کے ہمراہ دوحہ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

قطر کی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیرِ اعظم کے جہاز کو حفاظتی حصار میں ایئر پورٹ تک چھوڑا، وزیرِ اعظم نے قطری قیادت اور پائیلٹس کا اس شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا۔وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی، وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ائیرپورٹ اور دوحہ شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جو سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے جاری کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں رہنماں نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ سعودی ولی عہد نے پاک سعودی اسٹرٹیجک تعاون کو سراہتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران مشرق وسطی کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے اقدامات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔