ہومتازہ ترینہماری ترجیح یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ہے

ہماری ترجیح یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ہے

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ہربچے کو ایک ہی نصاب دینا چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے میدان میں چیلنجزہیں ،ہمارا ٹارگٹ یکساں تعلیم نصاب ہے، ہم پاکستان کے ہربچے کو ایک ہی نصاب دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے، معیشت اگر چلے گی تو لوگوں کو ملازمت اور خوراک ملے گی، ہم معیشت کے چیلنج سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔وزیر تعلیم نے کہاکہ ہنر کی تعلیم ہمارے لیے سب سے اولین ترجیح ہے، ہماری ترجیح یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ہے۔انہوں نے کہا کہ قومیت کے جذبے کو بھی بیدار کرنا ہے اوریہ کوئی عجیب بات نہیں ہے۔ دنیا کے جتنے بھی بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک ہیں ان میں ایک قومی نصاب ہے۔ انگلینڈ، جاپان، چین اور دیگر ممالک میں قومی نصاب ہے۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے 72 سال میں قومی نصاب نہیں بنایا تو اس سے قوم تقسیم ہوئی۔ یہ ناانصافی اور تقسیم بھی ہے۔ یہ ساری ناانصافی اور تقسیم صرف نصاب سے تو ختم نہیں ہوگی۔ نصاب ایک قدم ہے اور قدم لے رہے ہیں کہ ناانصافی بھی کم ہو اور تقسیم بھی کم ہو۔ان کا کہناتھا کہ ہم نے تقسیم کی بڑی قیمت ادا کی ہے اس لیے ہم یکساں تعلیمی نصاب کی ابتدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے صرف محدود مقاصد نہیں ہیں بلکہ بڑے بڑے مقاصد ہیں اور جب تاریخ لکھی جائے گی تو اس کو ایک اہم قومی سنگ میل کے طور پر دیکھا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔