Wednesday, April 8, 2026
ہومتازہ ترینٹرمپ کی دی گئی ڈیڈ لائن کے قریب آتے ہی امریکا اور اسرائیل کے ایران پر وحشیانہ حملے،درجنوں شہادتیں

ٹرمپ کی دی گئی ڈیڈ لائن کے قریب آتے ہی امریکا اور اسرائیل کے ایران پر وحشیانہ حملے،درجنوں شہادتیں

اسلام آباد /تہران /واشنگٹن (سب نیوز)امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خارگ جزیرے پر مشترکہ حملے کیے جب کہ دارالحکومت سمیت متعدد بڑے شہروں میں انفرا اسٹریکچر کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے خارگ جزیرے میں جس آئل ٹرمینل کو نشانہ بنایا ہے وہ ملک کا کلیدی تیل برآمدی مرکز ہے جہاں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔سوشل میڈیا پر باخبر صحافی باراک ریوڈ نے امریکی حکام کے حوالے سے دعوی کیا کہ خارگ جزیرے پر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔تاحال ان حملوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان سے متعلق کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ البتہ جائے وقوعہ پر امدادی ٹیموں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ خارگ جزیرہ ایران کی تیل برآمدات کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ جہاں سے ایران کا خام تیل بڑی مقدار میں عالمی منڈیوں تک پہنچتا ہے۔دوسری جانب امریکا اور اسرائیل نے صدر ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کو کھولنے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل ہی ایران کے شہری علاقوں میں انفرااسٹریکچر کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ان تازہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں پلوں، ریلوے لائنوں اور ایک مرکزی شاہراہ کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان قم اور کاشان میں ہوا ہے۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل اور امریکا کے کاشان شہر کے وسطی علاقے میں ہونے والے حملوں میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ادھر شمالی ایران میں ایک اہم شاہراہ جو تبریز کو زنجان سے ہوتے ہوئے تہران سے ملاتی ہے جو امریکی حملے میں تباہ ہوگئی۔دوسری جانب تبریز سے تقریبا 90 کلومیٹر دور ایک اور مقام پر بھی فضائی حملہ کیا گیا جس میں ایک اوور پاس پل تباہ ہوگیا۔ایران کے کراج شہر میں امریکا نے ریلوے ٹریک کو بھی نشانہ بنایا جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جن کی تصدیق کی جا رہی ہے۔اس طرح صرف آج ایران پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی جن میں سے 18 البروز صوبے، 9 شہریار، 6 پردیس اور 2 کاشان میں نشانہ بنے۔پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر دہشت گرد امریکی فوج نے سرخ لائن کراس کی تو ہمارا ردعمل صرف خطے تک محدود نہیں رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں امریکی اور اسرائیلی فوجی موجودگی اور ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ایرانی حکام نے کہا ہے کہ حملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔ایران کے جزیرے خارگ پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی رپورٹ کے بعد امریکی خام تیل کی مارکیٹ میں بڑی ہلچل دیکھی گئی اور قیمت میں دو فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا۔ خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے تیل برآمد کے اہم مرکز جزیرہ خارگ پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی رپورٹس کے بعد امریکی تیل کے مرکزی معاہدے میں اضافہ ہوگیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا کے مئی میں ترسیل کے لیے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2 اعشاریہ1 فیصد اضافے کے ساتھ 114اعشاریہ71 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔اسی طرح جون میں ترسیل کے معاہدے میں انٹرنیشنل بینچ مارکیٹ برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت میں 0اعشاریہ4 فیصد اضافہ ہوا اور 110اعشاریہ22 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز نہ کھولنے کی صورت میں ایران پر حملے کرنے کی دھمکی دیے جانے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں 1اعشاریہ12 ڈالر اضافہ ہوا ہے۔علاوہ ازیں اسرائیل کی ایران پر تازہ بمباری میں یہودی عبادت گاہیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، ایران کا بھی جوابی وار،درجنوں میزائل داغ دئیے۔ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں تہران میں ایک یہودی عبادت گاہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق ابتدائی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ رفیع نیا سینیگاگ کو صبح کے حملوں میں مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر کے مطابق یہ عبادت گاہ اس وقت تباہ ہوئی جب تہران کے وسط میں اس سے ملحقہ ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مزید کہا گیا ہے کہ عمارت کے اردگرد تنگ گلیوں کے باعث قریبی عمارتوں کے اندرونی و بیرونی حصوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، تاہم فوری طور پر جانی نقصان سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک سینیئر ایرانی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے تاہم تہران اس وقت تک کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گا جب تک امریکا ایران سے دبا کے تحت ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرتا رہے گا۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے ذریعے کے مطابق قطر نے پیر کے روز تہران کا پیغام امریکا اور خطے کے دیگر ممالک تک پہنچایا جس میں کہا گیا کہ اگر امریکا نے ایران کے بجلی گھروں کو نشانہ بنایا تو ایران کے جوابی حملوں کے نتیجے میں پورا خطہ اور سعودی عرب مکمل اندھیرے میں ڈوب جائے گا۔ذرائع نے مزید خبردار کیا کہ اگر صورتحال قابو سے باہر ہوئی تو ایران کے اتحادی آبنائے باب المندب آبنائے کو بھی بند کر دیں گے۔بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کے مطابق ایران پر حملوں کی ڈیڈلائن کے قریب آتے آتے پاکستان اور مصر نے جنگ بندی کی اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔بلوم برگ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں پاکستان اور مصر نے جنگ بندی کی کوششوں کے لیے متعدد ٹیلی فون کالز کی ہیں۔ بلوم برگ نے لکھا ہے کہ پاکستان اور مصر دونوں ملک مل کر واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ پیر کو کہہ چکے ہیں، کہ نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان کے ذریعے ایران سے بات کر رہے ہیں۔مصری وزیر خارجہ کے مطابق انہوں نے آج منگل کو امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بات کی ہے۔ادھر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات ختم کردیے ہیں۔اخبار نے تین سینیئر ایرانی عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات کی کوششیں روک دی ہیں اور پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اب ان مذاکرات میں شریک نہیں ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔