اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مشرق وسطی میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بتایا کہ یورپی کونسل کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔شہباز شریف نے کہاکہ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا،
جنہیں یورپی رہنما نے سراہتے ہوئے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔وزیراعظم کے مطابق گفتگو کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی، جس میں جی ایس پی پلس کی اہمیت اور اپریل کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان یورپی یونین تجارتی فورم کا بھی ذکر کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈئر لاین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
