Monday, March 23, 2026
ہومدنیااوورسیزجنگ نہ صرف انسانی وسائل بلکہ امریکی معیشت پر بھی بوجھ ہے، محمد عارف

جنگ نہ صرف انسانی وسائل بلکہ امریکی معیشت پر بھی بوجھ ہے، محمد عارف

کیلیفورنیا(سب نیوز)معروف امریکی سیاستدان اور کیلیفورنیا گورنر کے الیکشن میں امیدوار محمد عارف نے جنگی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ نہ صرف انسانی وسائل بلکہ امریکی معیشت پر بھی بوجھ ہے اور یہ وسائل کا غیر ضروری ضیاع ہے۔

محمد عارف نے کہا کہ وہ گزشتہ 30 برس سے اس مؤقف پر قائم ہیں کہ جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ مزید مشکلات کو جنم دیتی ہے۔ انہوں نے خود کو “ڈیموکریٹک سوشلسٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست کا محور محنت کش طبقے، غریب عوام اور امیگرینٹس کے حقوق کا تحفظ ہے۔

انہوں نے اپنے انتخابی ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کیلیفورنیا میں سستی اور قابلِ برداشت رہائش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ورکنگ کلاس اور کم آمدنی والے افراد کو بہتر زندگی میسر آ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ “ہم ایک ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو بنیادی سہولیات میسر ہوں، نہ کہ صرف اشرافیہ کو فائدہ پہنچے۔”
محمد عارف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امیگرینٹس کے لیے ایک منظم اور منصفانہ نظام متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی ملک یا پس منظر کے خلاف جنگ کی پالیسی کے مخالف ہیں اور عالمی سطح پر امن کے حامی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں آج ریاست کیلیفورنیا کی جانب سے باضابطہ طور پر سرٹیفائی کر دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ اپنی انتخابی مہم کو مزید تیز کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔