Sunday, March 15, 2026
ہوماسلام آبادسی ڈی اے کا کھڈا مارکیٹ سے متصل پبلک پارک سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کا آغاز

سی ڈی اے کا کھڈا مارکیٹ سے متصل پبلک پارک سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کا آغاز

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد کے ماسٹر پلان کے مطابق سیکٹر جی سیون کھڈا مارکیٹ کے ساتھ واقع اراضی پبلک پارک کیلئے مختص ہے، جس پر عرصہ دراز سے آٹو ورکشاپس سے وابستہ مکینکس اور ملحقہ کچی آبادی کے مکینوں نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا تھا۔سی ڈی اے کی جانب سے حالیہ نشاندہی اور تفصیلی سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ پارک کی اراضی پر متعدد غیر قانونی تعمیرات قائم کی جا چکی ہیں۔

ابتدائی جائزے کے مطابق مکینکس کی جانب سے پارک کی زمین پر 12کمرے تعمیر کئے گئے تھے جنہیں رہائشی و کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا، جبکہ ملحقہ کچی آبادی کے بعض گھروں کی تعمیرات بھی جزوی طور پر پارک کی اراضی پر پائی گئیں۔ان غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کے باعث پارک کی اصل حیثیت مکمل طور پر متاثر ہو چکی تھی اور علاقہ مکین طویل عرصہ سے اس عوامی سہولت سے محروم تھے۔سی ڈی اے نے عوامی شکایات اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری نوٹس لیا اور پارک کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے کے لئے تجاوزات کے خاتمے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں تمام غیر قانونی قابضین کو پیشگی نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ مہلت فراہم کی گئی کہ وہ رضاکارانہ طور پر پارک کی اراضی خالی کر دیں۔

مہلت کی مدت ختم ہونے کے بعد سی ڈی اے نے انتہائی منظم اور پرامن انداز میں آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران اب تک 9غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھا جائے گا۔اس آپریشن کا بنیادی مقصد قبضہ مافیا سے پارک کی اراضی واگزار کروا کر اسے اصل حالت میں بحال کرنا ہے تاکہ اسلام آباد کے شہری دوبارہ اس عوامی سہولت سے استفادہ کر سکیں اور انہیں صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔