اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفند یار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے سیکٹرز میں ڈویلپمنٹ ورک اور پلاٹس مالکان کو قبضہ حوالگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیویلپڈ پلاٹس کا قبضہ جلد دینے کی ہدایت کی۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر سی 14کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر سی 14 میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح 95 فیصد سے زائد بجلی کی فراہمی کا بھی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مرکزی شاہراہوں پر لائٹ پولز کی تنصیب کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر سی 14 کی شاہراہوں اور گلیوں پر سائن بورڈز کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ انوائرمنٹ ونگ کی جانب سے مرکزی شاہراہوں پر لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام بھی تیزی کیساتھ جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سیکٹر سی 14 کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل بورڈ نصب کیا جایا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران سیکٹر سی 14 کا خود دورہ اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیں تاکہ نئے سیکٹرز پر پوزیشن دینے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جاسکے۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی محمد علی رندھاوا کو سیکٹر سی 15میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر سی 15کی تقریبا 37 گلیوں کا سب بیس کا کام جاری ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ سیکٹرسی 15 میں ریلوے برج کیلئے این او سی کے حصول کا عمل اور اسکے ڈیزائن کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات جلد حاصل کی جائینگی۔ اجلاس میں سیکٹر ای 12میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر ای 12کے سب سیکٹرز 1 اور 2میں سڑکوں پر سب بیس کا کام پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے۔ اسی طرح سیکٹر ای 12میں کمرشل مرکز کے اردگرد مرکزی سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ سیکٹر ای 12میں بجلی کی فراہمی پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔اجلاس میں سیکٹر آئی 12کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا کہ سیکٹرآئی 12میں ڈویلپمنٹ کا کام پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے جبکہ سیکٹر آئی 12میں سروس روڈ پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے تمام سیکٹرز میں مرکزی شاہراہوں اور گلیوں کے سائن بورڈز لگانے کے کام کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام نئے سیکٹرز میں پلاٹس کی لوکیشن کیلئے ای۔مپ تیار کئے جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پارک انکلیو میں بجلی کے مسئلے کو جلد حل کرنے، روڈ کارپٹنگ کے کام اور قابضین کے خاتمے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کو بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکٹرز کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے شہریوں کو جلد از جلد انکے پلاٹس کے قبضہ کی حوالگی کو یقینی بنایا جائیگا۔
