تہران: (آئی پی ایس) اسرائیل اور امریکا کی ایران پر بمباری کے دوسرے ہفتے میں حملوں کی شدت میں اضافہ ہوگیا، تہران، اصفہان اور دیگر شہروں پر تازہ بمباری میں آٹھ افراد شہید ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں فوجی اڈوں، میزائل لانچر اور پاسداران انقلاب کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایران نے اس امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی پر بم برسائے گئے، اسرائیل نے ایران کے 80 لڑاکا طیارے بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ہلال احمر کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ایران میں 5 ہزار 535 رہائشی یونٹس، ایک ہزار 41 کمرشل یونٹس، 14 میڈیکل سینٹرز، 65 سکولوں اور ہلال احمر کے 13 مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے منصوبے کو مقبولیت نہیں ملی، ایران اور خلیجی ملکوں کی سلامتی اور خود مختاری کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کو پھیلنے سے روکا جائے اور بڑے ممالک تعمیری کردار ادا کریں۔
اس کے ساتھ ہی چین نے ایران پر حملوں کی مخالفت کرتے ہوئے حملوں کو فوری روکنےکا مطالبہ بھی کیا۔
سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو جوابی کارروائی کی دھمکی دے دی
برطانوی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو پیغام دیا ہے کہ ریاض اب بھی ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل چاہتا ہے، تاہم مملکت کی سلامتی یا آئل تنصیبات پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک نے اب تک ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، لیکن اگر خطے میں حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو سعودی عرب امریکی افواج کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتا ہے۔
24 گھنٹوں میں 220 سے زائد امریکی فوجی ہلاک اور زخمی کر دیے، ایرانی فوج
ایران کی جانب سے بھی اسرائیل اور امریکا کے خلاف حملوں کی نئی لہر میں تباہ کن کارروائیاں کی گئی ہیں، ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یو ایس ففتھ فلیٹ کے 21 فوجیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا، الظفرہ ایئربیس پر 200 امریکی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی خلیج فارس میں امریکی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، ایران نے تل ابیب میں سٹریٹجک اہداف پر بھی میزائل حملہ کیا جس سے عمارتیں لرز گئیں، جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے صوبہ ہرمزگان میں ایک اسرائیلی ڈرون بھی مار گرایا ہے۔
ایرانی اقدامات میں شدت کی ذمہ داری امریکا پرعائد ہوگی، عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی کشیدگی کیلئے تیار ہے، ایرانی صدر کی تناؤ میں کمی کی کوششیں ٹرمپ کی غلط فہمی سے متاثر ہوئیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے امریکا کو جنگ میں دھکیل دیا، یہ جنگ اسرائیل کو مقدم رکھنے والوں کی پسند کی جنگ ہے۔
حزب اللہ کی حیفہ میں اسرائیلی بحریہ کے اڈے پر میزائلوں کی بوچھاڑ
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی شہر حیفہ میں واقع اسرائیلی بحریہ کے اڈے کو میزائلوں کی بوچھاڑ سے نشانہ بنایا ہے۔
حزب اللہ کے مطابق تل ابیب کے جنوب مشرق میں واقع تل ہاشومر اڈے پر بھی ایک خصوصی میزائل سے حملہ کیا ہے، لبنانی گاؤں مرکبا کے سامنے واقع حنین گیٹ پر اسرائیلی فوج کی گاڑیوں کے ایک گروپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، نیتن یاہو کا دعویٰ
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کی فضائی حدود پر تقریباََ مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، ایرانی حکومت کے خاتمے کیلئے منظم منصوبہ موجود ہے، اسرائیل ایران کے خلاف جنگ پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھے گا۔
نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے حملوں کا نشانہ بننے والے تمام ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں، نشانہ بننے والے ممالک ہم سے رابطے میں ہیں، پاسداران انقلاب کے جو اہلکار ہتھیار ڈال دیں گے انہیں نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
پاسداران انقلاب کا دبئی مرینا میں امریکی فوجی مقام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایرانی پاسداران انقلاب نے دبئی مرینا میں امریکی فوجی مقام کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اماراتی حکام کا کہنا ہے مرینا کے ایک ٹاور پر ڈرون کا ملبہ گرا، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ٹاورکی بیرونی دیوار پر ملبہ گرنے سے معمولی نقصان ہوا۔
ملبے کی زد میں آکر ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوا
دبئی میڈیا آفس کے مطابق دبئی کے علاقے البرشا میں فضائی دفاعی کارروائی میں ملبہ گرنے سے گاڑی کو آگ لگ گئی، ملبے کی زد میں آکر ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوا۔
