اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام پر مہنگائی بم قرار دیا گیا۔
کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ فارم 47 کی بیساکھیوں پر قائم حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا ہے جبکہ حکمران طبقے کی شاہ خرچیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ایک طرف حکومتی عہدیداروں کے لیے سرکاری جہازوں اور پرتعیش مراعات کی فراوانی ہے جبکہ دوسری جانب عام شہریوں کے لیے پٹرول کی قیمتیں ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ اس کے برعکس تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی حکومت نے کووڈ19 جیسی عالمی وبا اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے شدید دبا کے باوجود بہتر حکمت عملی کے ذریعے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔ کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی کر کے عوام کو عالمی منڈی کی قیمتوں کے اثرات سے بچا سکتی تھی۔اجلاس میں عمران خان کی صحت کی صورتحال اور نیب قوانین میں حالیہ ترامیم پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کا علاج اہلِ خانہ اور ذاتی معالجین کی موجودگی میں ممکن بنایا جا سکے۔اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی اور تنظیمی امور سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ روزمرہ کے سیاسی معاملات پر فوری ردعمل اور بیانیہ سازی کے لیے ڈیلی ایشوز کے نام سے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم روزانہ کی بنیاد پر سیاسی معاملات پر پارٹی مقف پیش کریں گے جبکہ پارٹی کے رہنما اور کارکن سوشل میڈیا پر پارٹی بیانیہ کو موثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ اجلاس میں 23 مارچ کے موقع پر عوامی و سیاسی سرگرمیوں کے انعقاد اور اپوزیشن کے دو رہنماوں سے آئندہ ہفتے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
