Saturday, March 7, 2026
ہومتازہ ترینکوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماوں کا قیادت کو خط،اختلافات ختم کرکے آگے بڑھنے کا مشورہ

کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماوں کا قیادت کو خط،اختلافات ختم کرکے آگے بڑھنے کا مشورہ

لاہور(سب نیوز)کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنماوں نے پارٹی قیادت کو اہم خط لکھا ہے جس میں انہیں اختلافات ختم کر کے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا گیا۔شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور محمود الرشید نے پارٹی رہنماوں کو خط میں لکھا کہ بدلتی صورتحال پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کو غور کرنا چاہیے تاکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ذریعے آگے کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

خط میں کہا گیا کہ مغربی اور مشرقی سرحد پر کشیدہ صورتحال، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی ہے لہذا داخلی سیاسی عدم استحکام سے ہونے والا بحران ملک کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے، بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے اندرونی اتحاد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا ارادہ رکھنے والی خلیجی ممالک کی توجہ اس وقت جوابی کارروائیوں پر ہے، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کا بڑا حصہ دوست ممالک کی رکھوائی گئی رقوم پر مشتمل ہے، متحدہ عرب امارات(یو اے ای)نے رقوم سالانہ کے بجائے اب ماہانہ رول اوور کی پالیسی اختیار کی اس سے رقوم کے حصول میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہمارے درآمدی بل کو بڑھا دے گا اور کرنٹ اکاونٹ سرپلس ختم ہو سکتا ہے، اسی صورتحال میں اختلافات ختم کر کے اعتماد بحال کیا جائے اور آگے بڑھا جائے، سیاسی جماعتیں، عسکری قیادت، عدلیہ، وکلا اور میڈیا کو مل کر آگے کا راستہ متعین کرنا ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔