اسلام آباد:(سب نیوز) ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کی چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو محترمہ عائشہ فاروق نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کا اصل انجن ہے اور قومی ترقی میں اس کا کردار قابل ستائش ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں اسلام آباد فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ان سے فلور ملز انڈسٹری کو درپیش ٹیکس سے متعلق چیلنجز کے حوالے سے ایک نتیجہ خیز میٹنگ کی۔
میٹنگ میں ٹیکسیشن فریم ورک ، ریگولیٹری معاملات اور تعمیل کو بہتر بنانے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے ایک مستحکم اور آسان کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لیے پبلک-پرائیویٹ تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے تاجر برادری کے ملک کے بہترین مفاد میں اپنی ٹیکس ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ تاہم انہوں نے چیف کمشنر کو خطے میں فلور ملز کی صنعت کو درپیش مختلف مسائل خصوصاً ودہولڈنگ ٹیکس اور سیکٹر پر اس کے اثرات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلور ملز کی صنعت آٹے اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس لیے اسے اپنے کام کو مؤثر طریقے سے جاری رکھنے کے لیے ایک معاون ٹیکس نظام کی ضرورت ہے۔
چیف کمشنر محترمہ عائشہ فاروق نے وفد کی طرف سے اٹھائے گئے تحفظات کو تحمل سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ٹیکس حکام انڈسٹری کے حقیقی مسائل کے حل میں بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے اعتماد سازی اور رضاکارانہ تعمیل کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس انتظامیہ اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔
فریقین نے متفقہ طور پر متعلقہ ٹیکس گوشواروں کا جائزہ لینے کے لیے ٹیکس حکام اور فلور ملز کی صنعت کے نمائندوں پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا اور جہاں ضروری ہو گا ٹیکس ریٹرنز کو تعمیل کے دائرہ کار میں لایا جائے گا ۔
اس موقع پر کمشنر انکم ٹیکس نوید ترین، ایڈیشنل کمشنر شکیل انور، ڈپٹی کمشنر اویس اسحاق، اسسٹنٹ کمشنر محمد اسامہ عباسی اور آئی آر او رفاقت حسین بھی موجود تھے۔
آئی سی سی آئی کے وفد میں پیٹرن ان چیف فلور ملز انڈسٹری اور چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر ثناء اللہ خان، سابق سینئر نائب صدر چوہدری مختار، سابق ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر محمد عثمان سمیت فلور ملز سیکٹر کے دیگر نمائندے شامل تھے۔
