بیجنگ :چودھویں قومی عوامی کانگریس کے چوتھے اجلاس کا آغاز جمعرات کے روز بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ہوا۔ شی جن پھنگ سمیت پارٹی اور ریاست کے قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعظم لی چھیانگ نے اجلاس میں حکومتی ورک رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں چین کی معیشت مجموعی طور پر مستحکم رہی اور پیش رفت کا تسلسل برقرار رہا۔ جی ڈی پی میں 5 فیصد اضافہ ہوا اور اس کا مجموعی حجم 140.19 ٹریلین یوان تک پہنچ گیا۔ سال بھر کے اقتصادی و سماجی ترقیاتی اہداف کامیابی سے مکمل کیے گئے اور چودھویں پانچ سالہ منصوبہ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا، جب کہ دوسرے صد سالہ ہدف کے نئے سفر کا مضبوط آغاز کیا گیا۔
حکومتی ورک رپورٹ میں 2026 کے لیے اہم متوقع اہداف بھی پیش کیے گئے ہیں۔ اقتصادی شرح نمو 4.5 سے 5 فیصد کے درمیان رکھنے اور عملی اقدامات کے ذریعے اس سے بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ شہری سروے شدہ بے روزگاری کی شرح تقریباً 5.5 فیصد تک محدود رکھنے، شہروں میں ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد نئی ملازمتیں پیدا کرنے، کنزیومر پرائس انڈیکس میں تقریباً 2 فیصد اضافہ رکھنے، شہری و دیہی آمدنی کو اقتصادی نمو کے ساتھ ہم آہنگ رکھنے، بین الاقوامی ادائیگیوں میں بنیادی توازن برقرار رکھنے، اناج کی پیداوار کو تقریباً سات سو ملین ٹن تک پہنچانے اور فی یونٹ مجموعی قومی پیداوار کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تقریباً 3.8 فیصد کمی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
