کولمبو(آئی پی ایس )ٹی20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دیدی۔پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے سری لنکا کے خلاف بڑی فتح درکار ہے، ورنہ قومی ٹیم کا ایونٹ میں سفر تمام ہو جائیگا۔قومی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے قریبا 64 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی، یا پھر سری لنکا کا کوئی بھی ہدف لگ بھگ 13.1 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کی مڈل اوورز میں محتاط حکمت عملی تنقید کی زد میں رہی ہے۔ بابر اعظم کی جگہ اور اسٹرائیک ریٹ پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ کپتان سلمان آغا بھی بیٹنگ اور قیادت دونوں شعبوں میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے سے باہر ہو چکا ہے، تاہم وہ اعزاز کی خاطر کھیلتے ہوئے پاکستان کے راستے میں رکاوٹ ڈال سکتا ہے۔ نوجوان اسپنر دونیتھ ویلالاگے پاکستانی ٹاپ آرڈر کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔یہ مقابلہ پالے کیلے میں اسی وکٹ پر کھیلا جائے گا جہاں انگلینڈ اور پاکستان کا میچ ہوا تھا۔ اس پچ پر فاسٹ بولرز کو خاصی مدد ملی تھی اور ابتدائی اوورز میں گیند میں ہلکی سی موومنٹ بھی دیکھی گئی تھی۔
