Friday, February 27, 2026
ہومپاکستانوفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے جرمنی کی سفیر اِنا لیپل کی ملاقات،جاری تعاون سے متعلق گفتگو

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے جرمنی کی سفیر اِنا لیپل کی ملاقات،جاری تعاون سے متعلق گفتگو

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے جرمنی کی سفیر اِنا لیپل نے ملاقات کی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو یہاں ہونے والی لاقات کے دوران جرمن سفیر نے موسمیاتی اقدامات کے فروغ اور صوبوں کے ساتھ موثر ہم آہنگی پر وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے جرمنی اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے مابین جاری تعاون سے متعلق آگاہ کیا، اور بالخصوص جرمن ترقیاتی ادارے جی آئی زیڈ کے ذریعے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ان شعبوں میں موسمیاتی موافقت اور لچک، اخراج میں کمی کی حکمتِ عملی، استعداد کار میں اضافہ، گرین اقدامات اور پائلٹ منصوبوں کی تیاری شامل ہیں، جن کا مقصد پاکستان کے موسمیاتی ردِعمل کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
جرمنی کی سفیر نے وفاقی وزیر کو وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ زیرِ غور ایک مجوزہ منصوبے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ یہ منصوبہ جرمنی کی وفاقی وزارتِ ماحولیات کی جانب سے کمیشن کیا گیا ہے، جس کا مقصد مربوط موسمیاتی خدمات کے قیام اور ڈیٹا مینجمنٹ کے نظام کو مستحکم بنانا ہے تاکہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے موسمیاتی ایجنڈے میں جرمنی کے مسلسل تعاون اور شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی موثر تکمیل کے لیے ڈیٹا کے انضمام اور معلومات کے تبادلے پر مبنی مشترکہ ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں مشترکہ تحقیقی پروگرامز کا آغاز، طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ اور ڈیٹا شیئرنگ و ادارہ جاتی اشتراک کو مضبوط بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔