Friday, February 27, 2026
ہومتازہ ترینآئی سی سی آئی قیادت کا مسلح افواج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی

آئی سی سی آئی قیادت کا مسلح افواج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی

اسلام آباد: (آئی پی ایس) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے شروع ہونے والی بلا اشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی اور علاقائی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔


آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری نے ایک مشترکہ بیان میں پاکستانی سرحدی علاقوں پر رات گئے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابل مذمت فعل قرار دیا ہے ۔آئی سی سی آئی کی قیادت نے زور دے کر کہا کہ ایسے اقدامات پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کو فوری اور مضبوط جواب دینے پر سراہا۔
سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کہ جن کا پروفیشنلازم عالمی سطح پر جانا جاتا ہے ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری قومی خودمختاری کے تحفظ اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔


آئی سی سی آئی کی قیادت نے مزید کہا کہ افغان سرزمین سے کام کرنے والے بعض عناصر بیرونی پراکسیز کے طور پر کام کرتے ہوئے خطے کو غیر مستحکم کرنے اور پاکستان کے امن اور معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی افغان عوام کے خلاف ہرگز نہیں ہے کہ جن کے ساتھ اس کے دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ بلکہ جوابی کارروائی کا مقصد صرف دہشت گردی میں ملوث عناصر اور پاکستان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی قوتوں کو سبق سکھانا ہے۔


سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے عہدیداران نے ان کی ہمت کو سراہا اور مسلح افواج کے لیے تاجر برادری کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پائیدار علاقائی امن خودمختاری کے باہمی احترام، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خاتمے کے لیے مخلصانہ اجتماعی کوششوں سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔