راولپنڈی (سب نیوز)سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 خارجی ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جہاں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے خارجیوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خارجی مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس/سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خارجی کو ختم کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
سیکیورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4خارجی ہلاک
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
