Wednesday, February 11, 2026
ہومپاکستانپاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی متحدہ عرب امارات کی فیڈرل نیشنل کونسل کے اسپیکر صقر غباش سے اہم ملاقات۔

ابوظہبی)  پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے چیئرمین سینیٹ پاکستان، جناب سید یوسف رضا گیلانی نے آج ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کی فیڈرل نیشنل کونسل کے اسپیکر، صقر غباش سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں معزز رہنماؤں کے اعزاز میں ایک گرمجوش اور دوستانہ ظہرانہ بھی دیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجود گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جو باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور طویل المدتی تعاون پر مبنی ہیں۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں حالیہ برسوں کے دوران ہونے والی نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔ 
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسپیکر صقر غباش کا پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی استحکام میں متحدہ عرب امارات کے مثبت اور مؤثر کردار کو سراہا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور مضبوط شراکت داری کی واضح مثال قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اسپیکر فیڈرل نیشنل کونسل کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی، جسے اسپیکر صقر غباش نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور نئے شعبوں میں اشتراک کے مواقع تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات میں پارلیمانی سفارت کاری، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجود گہرے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث ثابت ہو گی اور دونوں ممالک نے مستقبل میں دوطرفہ تعاون کو مزید اور موثر فروغ ملے گا۔
                    

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔