Wednesday, February 11, 2026
ہومتازہ ترینآن لائن جوا تشہیر کیس، ڈکی بھائی، اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد، یوٹیوبر کا صحت جرم سے انکار

آن لائن جوا تشہیر کیس، ڈکی بھائی، اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد، یوٹیوبر کا صحت جرم سے انکار

لاہور (آئی پی ایس ) مقامی عدالت نے آن لائن جوا ویب سائٹس کی مبینہ تشہیر کے مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعدالرحمان المعروف ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہوں کو 23 فروری کو طلب کر لیا۔ سماعت کے موقع پر ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ اور دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد سعدالرحمان اور دیگر ملزمان نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے صحتِ جرم سے انکار کیا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں ان پر آن لائن جوا ایپس اور ویب سائٹس کی تشہیر کا الزام عائد کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو 17 اگست 2025 کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق ان پر جوا ایپس کے ذریعے مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے ان کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد وہ 26 نومبر کو جیل سے رہا ہو گئے تھے۔ کیس کی مزید سماعت 23 فروری کو ہوگی، جہاں گواہوں کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔