اسلام آباد:کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر اربن پلاننگ اور ہاؤسنگ سوسائٹیز، اعجاز احمد شیخ (بی پی ایس-19) کو اپنے موجودہ فرائض کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر ماسٹر پلان کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے، جبکہ وہ ڈی جی اسپیشل پلاننگ (او پی ایس) کا چارج بھی دیکھیں گے۔
اسی طرح اسامہ یونس کو ٹاؤن پلانر (ماسٹر پلان سیل) سے ترقی دے کر ڈپٹی ڈائریکٹر ماسٹر پلان سیل (او پی ایس) تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ انہیں ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ سوسائٹیز-II کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
حسام بن وسیم کو ٹاؤن پلانر (ریجنل پلاننگ) سے تبدیل کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر-I ریجنل پلاننگ (او پی ایس) مقرر کیا گیا ہے، جبکہ
حنین ہمایوں خان کو ٹاؤن پلانر (کچی آبادی سیل) سے ڈپٹی ڈائریکٹر-II ریجنل پلاننگ (او پی ایس) تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں ارسلان عباس کو ٹاؤن پلانر-II (ہاؤسنگ سوسائٹیز) سے ڈپٹی ڈائریکٹر-II ہاؤسنگ سوسائٹیز (او پی ایس) جبکہ
اعظم علی کو ٹاؤن پلانر-I (اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ-I) سے ڈپٹی ڈائریکٹر-II اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ-I (او پی ایس) مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح خرم شہزاد کو ٹاؤن پلانر-I اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ-I کے طور پر برقرار رکھتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر-II اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ-II (او پی ایس) کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام افسران چارج سنبھالنے اور چھوڑنے کی رپورٹس ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں جمع کرائیں گے۔ یہ احکامات چیئرمین سی ڈی اے کی منظوری سے جاری کیے گئے ہیں۔

