Thursday, February 5, 2026
ہومپاکستانپیپلزپارٹی نئے صوبوں پر دوغلی سیاست کر رہی ہے،ایم کیو ایم رہنما زاہد ملک

پیپلزپارٹی نئے صوبوں پر دوغلی سیاست کر رہی ہے،ایم کیو ایم رہنما زاہد ملک

کراچی(آئی پی ایس) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی پر دوغلی اور منافقانہ سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ماضی میں نئے صوبوں کی حامی رہی ہے لیکن اب سیاسی مفاد کی خاطر یوٹرن لے رہی ہے۔

زاہد ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی 2012 میں صوبہ بہاولپور کی بحالی اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی کھل کر حمایت کرچکی ہے، حتیٰ کہ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں متفقہ قرارداد کی بھی تائید کی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پنجاب میں نئے صوبوں کا قیام درست تھا تو سندھ اور کراچی کے لیے یہی اصول کیوں قابلِ قبول نہیں؟

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اگر واقعی عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تو انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کیوں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 سال بعد نئے صوبوں کے معاملے پر یوٹرن لینا پیپلزپارٹی کی سیاسی منافقت کا واضح ثبوت ہے۔

زاہد ملک نے مزید کہا کہ جو چیز پنجاب کے لیے اچھی سمجھی جاتی ہے وہی سندھ اور کراچی کے لیے بُری کیوں قرار دی جا رہی ہے، یہ دہرا معیار ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف دونوں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ 17 سال سے سندھ میں جبکہ پی ٹی آئی 13 سال سے خیبرپختونخوا میں اقتدار میں ہے، مگر دونوں صوبوں میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

زاہد ملک کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں ایک دہائی سے زائد عرصہ سے اقتدار میں ہیں اوراپنی نااہلی کا الزام وفاق پر لگا رہی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔