Friday, January 30, 2026
ہومبریکنگ نیوزکراچی وفاق کو دینے کا مطالبہ غداری ہے تو آئین سے شق نکال دیں، خالد مقبول

کراچی وفاق کو دینے کا مطالبہ غداری ہے تو آئین سے شق نکال دیں، خالد مقبول

کراچی(آئی پی ایس )وفاقی وزیر تعلیم اور ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ غیر آئینی نہیں اور اگر یہ بات غداری ہے تو اس شق کو آئین سے نکال دیںیہ بات انھوں نے این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت منعقدہ پروگرام کے بعد ذرائع ابلاغ کے سوالات کے جواب میں کہی۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سانحہ گل پلازہ کی تحقیقاتی رپورٹ پر ہم تو کیا خود سندھ حکومت بھی مطمئن نہیں ہے۔ اردو یونیورسٹی کی موجودہ بدترین صورتحال پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے لیے دو بار فنڈز بنا کر دے چکے ہیں، یونیورسٹی کی بد انتظامی پر انکوائری رپورٹ جلد آنی ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اس طرح کے لوگ تعلقات رکھتے ہیں اور اپنی سفارش لے کر آجاتے ہیں۔

ایچ ای سی اسلام آباد میں چیئرمین کی تقرری میں غیر معمولی تاخیر پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے چیئرمین کے انتخاب کا کام شفاف طریقے سے کیا اور سمری وزیر اعظم کو بھجواچکے ہیں سمری ابھی تک ہمیں واپس نہیں ملی، اب وزیر اعظم سے اس معاملے پر پوچھیں گے کیونکہ اس اہم ترین تعلیمی منصب کو مزید خالی نہیں رینا چاہیے۔

قبل ازیں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے ثمرات کراچی تک پہنچ رہے، کراچی نے پاکستان بنانے اور چلانے کا وعدہ کیا ہے، وزیر اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ سندھ کے طلبہ تک لیپ ٹاپ پہنچائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 40 سال سے ہمارا خطہ ترقی کررہا ہے لیکن ہم اپنے خطے میں بھی پیچھے رہ گئے ہیں، پڑوسی ممالک نے ثابت کیا کہ آبادی بوجھ نہیں اثاثہ ہوسکتی ہیں اور ان ممالک نے اس قدر آبادی کے ساتھ بھی ٹیکنالوجی میں ترقی کرلی۔تقریب میں ایچ ای سی کے ریجنل ڈائریکٹر سلمان احمد بھی موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹرمحمد طفیل کا کہنا تھا کہ موجودہ زمانے میں کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ ایک بنیادی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمک ایکسیلنس کا ہدف اس کے بغیر ناممکن ہے وزیر اعظم کا یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے جسے بے حد سراہا جارہا ہے، ہم اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے سندھ سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز کرنے کے لیے این ای ڈی کا انتخاب کیا۔ ڈاکٹر فہد شفیق کوآرڈینیٹر وزیر اعظم پروگرام سندھ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے وزیر اعظم پروگرام کے تحت جیسے پنجاب کے نوجوانوں کو مواقع دیے ہیں، اسی طرح کوشش کررہے ہیں کہ سندھ کے نوجوانوں کو بھی یہ مواقع دیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 33 جامعات کے طلبہ کو 16 ہزار لیپ ٹاپ دیے جائیں گے سندھ جناح میڈیکل یونیورسٹی کراچی، زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام ، سندھ یونیورسٹی جامشورو سمیت دیگر جامعات میں جاکر لیپ ٹاپ دیں گے جبکہ اگلے ماہ وزیر اعظم کراچی آئیں گے اور مزار قائد پر منعقد ایک تقریب میں طلبہ کو لیپ ٹاپ دیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ کے سینیئر رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ بہت سارے منصوبے لائے گئے لیکن میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی یہ سوچ تھی کہ نوجوانوں کے لیے کچھ کرسکیں یوتھ کو بااختیار بنانے کیلیے سوچ دی گئی اور کہا کہ تعلیم اور ایکسیلنس کا یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے۔انھوں نے کہا کہ این ای ڈی کے طلبہ نے پوری دنیا میں ہمیشہ پاکستان کا جھنڈا گاڑھا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔