Wednesday, January 14, 2026
ہوماوورسیزجدہ: انجینئر سجاد خان پاکستان انوسٹر فورم کے ڈپٹی سیکرٹری نامزد

جدہ: انجینئر سجاد خان پاکستان انوسٹر فورم کے ڈپٹی سیکرٹری نامزد

جدہ: (خالد نواز چیمہ)
جدہ میں قائم پاکستان انوسٹر فورم نے ایک اہم تنظیمی پیش رفت کے تحت معروف کاروباری، سیاسی اور سماجی شخصیت انجینئر سجاد خان کو متفقہ طور پر فورم کا ڈپٹی سیکرٹری نامزد کر دیا ہے۔ اس فیصلے کو اوورسیز پاکستانی انوسٹر کمیونٹی میں بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور اسے ایک بہترین انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔


پاکستان انوسٹر فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول اور جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک نے انجینئر سجاد خان کی صلاحیتوں، تجربے اور کردار پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مضبوط، محنتی، اصول پسند اور محبِ وطن شخصیت ہیں جو ہمیشہ اجتماعی مفاد اور دوسروں کی بھلائی کو مقدم رکھتے ہیں۔ ان کی صاف گوئی، دبنگ آواز اور اپنی زبان پر پہرہ دینے کی صفت انہیں ایک باوقار اور قابلِ اعتماد رہنما بناتی ہے۔


فورم قیادت کا کہنا تھا کہ انجینئر سجاد خان کی ڈپٹی سیکرٹری کے طور پر نامزدگی سے پاکستان انوسٹر فورم مزید مستحکم ہوگا اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل، باہمی رابطے کے فروغ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔ فورم نے اس بہترین انتخاب پر انجینئر سجاد خان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر انجینئر سجاد خان نے اپنی نامزدگی پر صدر چوہدری شفقت محمود دھول اور جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعتماد کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پوری ذمہ داری، دیانت داری اور خلوص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور پاکستان انوسٹر فورم کے مقاصد کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انجینئر سجاد خان کی نامزدگی پر فورم کے اراکین اور انوسٹر کمیونٹی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی شمولیت سے فورم نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔