ابوظہبی:ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 4 میں شارجہ واریئرز نے متوازن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایم آئی ایمریٹس کو زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں چھ رنز سے شکست دے دی۔ یہ واریئرز کی رواں سیزن میں پہلی کامیابی ہے، جس میں جانسن چارلس کی شاندار بیٹنگ اور سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی نمایاں رہی۔
شارجہ واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے محمد وسیم (44) اور جونی بیئر اسٹو (31) نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور پاور پلے میں ٹیم کا اسکور بغیر نقصان 54 رنز تک پہنچا دیا۔ تاہم مڈل اوورز میں سکندر رضا نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے پہلے بیئر اسٹو اور پھر محمد وسیم کو آؤٹ کر کے میچ کا رخ موڑ دیا۔
میچ کے آخری لمحات میں نکولس پورن نے 35 گیندوں پر ناقابلِ شکست 48 رنز بنا کر مقابلہ سنسنی خیز بنا دیا، تاہم آخری اوور میں جُنید صدیقی نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے صرف 18 رنز دیے اور شارجہ واریئرز کو چھ رنز کی یادگار فتح دلوا دی۔ سکندر رضا اور جُنید صدیقی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
