ابوظہبی : شایان جہانگیر کی شاندار 99 رنز کی اننگز کی بدولت دبئی کیپیٹلز نے ڈی پی ورلڈ آئی آئل ٹی 20 سیزن 4 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں دبئی کیپیٹلز نے دباؤ میں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے سیزن کی دوسری فتح اپنے نام کی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دبئی کیپیٹلز کو ابتدا میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پاور پلے کے اندر ہی دو وکٹیں صرف 4 رنز پر گر گئیں۔ تاہم شایان جہانگیر اور جارڈن کوکس نے 115 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا۔ کوکس نے 30 گیندوں پر 29 رنز بنائے، جبکہ جہانگیر نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔
شایان جہانگیر سنچری سے محض ایک رن کی کمی کا شکار رہے اور 99 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 10 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ ان کی یہ اننگز ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 میں کسی ایسوسی ایٹ کھلاڑی کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ثابت ہوئی۔ آخر میں روومن پاول نے 24 گیندوں پر ناقابلِ شکست 38 رنز بنائے اور دبئی کیپیٹلز کو 20 اوورز میں 196 رنز تک پہنچایا۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی اننگز مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث دباؤ کا شکار رہی۔ فل سالٹ نے 29 گیندوں پر 33 رنز کی تیز اننگز کھیلی، تاہم پاور پلے کے اختتام پر اسکور 49/3 ہو چکا تھا۔ بعد میں آندرے رسل نے 33 گیندوں پر ناقابلِ شکست 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ میں سنسنی پیدا کی، لیکن ان کی کوشش ٹیم کو فتح دلانے کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکی۔
دبئی کیپیٹلز کی جانب سے وقار سلام خیل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ڈیوڈ ولی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آخری اوور میں محمد جواد اللہ نے 26 رنز کا دفاع کرتے ہوئے ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔
میچ کے بہترین کھلاڑی شایان جہانگیر قرار پائے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنے پر خوشی ہے اور مسلسل فتوحات ٹیم کے حوصلے بلند کرتی ہیں۔ دبئی کیپیٹلز کے کپتان داسن شناکا نے جہانگیر کی اننگز کو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا۔
