اسلام آباد(آئی پی ایس )سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ان کے علاوہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے 13 صفحات پر مشتمل اپنا استعفی صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے 27 ویں آئینی ترمیم پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس سلسلے میں چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحیی آفریدی کو 2 خطوط بھی لکھے تھے۔اپنے استعفے میں جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم آئین پاکستان پر سنگین حملہ ہے،27 ویں آئینی ترمیم نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے۔جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم نے عدلیہ کو حکومت کے ماتحت بنادیا ہے۔27 ویں ترمیم نے ہماری آئینی جمہوریت کی روح پر کاری ضرب لگائی ہے۔
