Friday, November 14, 2025
ہوماوورسیزچوہدری بلال فاروق تارڑ ضمنی انتخاب میں بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ

چوہدری بلال فاروق تارڑ ضمنی انتخاب میں بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ

جدہ (خالد نواز چیمہ سے) — ضلع گوجرانوالہ کے حلقہ این اے-66 وزیرآباد سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری عطا اللہ تارڑ کے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار چوہدری بلال فاروق تارڑ بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کی کامیابی پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔

سعودی عرب میں مقیم ممتاز اوورسیز پاکستانی رہنماؤں، بزنس کمیونٹی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران نے ٹیلی فون کے ذریعے چوہدری بلال فاروق تارڑ سے رابطہ کر کے انہیں بلا مقابلہ کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

مبارکباد پیش کرنے والوں میں اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن سعودی عرب کے صدر خالد نواز چیمہ جٹ، جٹ انٹرنیشنل کے نوید چیمہ، پاکستان بزنس فورم سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری محمد افضل جٹ، اور مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم گجر کے علاوہ دیگر درجنوں سماجی و کاروباری شخصیات شامل تھیں۔

مبارک باد پیش کرنے والوں نے چوہدری بلال فاروق تارڑ کو ایک نوجوان، تعلیم یافتہ اور وژن رکھنے والا سیاسی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی ضلع وزیرآباد کے عوام کے لیے نیک شگون ثابت ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چوہدری بلال فاروق تارڑ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کے آغاز اور علاقے کے تعلیمی و معاشی استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

خالد نواز چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نوجوانوں کو سیاسی قیادت میں آگے لا رہی ہے، اور چوہدری بلال فاروق تارڑ اسی وژن کی ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وہ قومی اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر آواز اٹھائیں گے۔

چوہدری محمد افضل جٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بلال فاروق تارڑ کی کامیابی وزیرآباد کے عوام کے اعتماد کی علامت ہے، جبکہ چوہدری محمد اکرم گجر نے کہا کہ ان کی کامیابی مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔

نوید چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ بلال فاروق تارڑ جیسے متحرک رہنما ملک کے سیاسی و ترقیاتی منظرنامے میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے متفقہ طور پر اس امید کا اظہار کیا کہ چوہدری بلال فاروق تارڑ وزیرآباد کو ایک مثالی ضلع بنائیں گے اور علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔