Thursday, November 13, 2025
ہومبریکنگ نیوزشاہین چوک انڈر پاس منصوبہ،چیئرمین سی ڈی اے کا تعمیراتی کاموں پر اظہار اطمینان

شاہین چوک انڈر پاس منصوبہ،چیئرمین سی ڈی اے کا تعمیراتی کاموں پر اظہار اطمینان

اسلام آباد(آئی پی ایس ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کے تمام سیکشنز پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے میں شامل انڈر پاس کی کھدائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور انڈر پاس کی کنکریٹ پورنگ، پائلنگ، ارتھ ورک اور سٹیل فکسنگ کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے 24/7 تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شاہین چوک منصوبے کے ابتک کئے گئے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے اظہار اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں تعمیراتی کاموں کے اعلی معیار کے تسلسل کو ہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اعلی معیار کے ساتھ منصوبے کے تمام تعمیراتی کاموں کو انکے شیڈول اور ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے کو خوبصورت بنانے کیلئے دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ، ماحول دوست شجرکاری اور مستقل بنیادوں پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا پلان بھی پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین چوک انڈر پاس کا منصوبہ اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ منصوبہ ٹریفک کے دبا میں کمی کے ساتھ روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے گردونواح میں واقع تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو بھی بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔