جدہ (خالد نواز چیمہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیرِ مملکت برائے امورِ داخلہ تسنیم احمد قریشی نے حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی جدہ سٹی کے صدر راجہ اعجاز حسین جنجوعہ اور پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیراہتمام جدہ کے ایک معروف ریسٹورنٹ میں معزز مہمان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔
عشائیہ میں صدر پیپلز پارٹی سعودی عرب تصور چوہدری، مرکزی سینئر نائب صدر ملک جاوید حسین اعوان، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری آفتاب ترابی، نائب صدر جدہ ملک تکاثر عباس اعوان، حافظ ادریس قریشی، راجہ محمد علی رضا سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تسنیم احمد قریشی نے تمام میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں جو حرمین شریفین کی مقدس سرزمین پر مقیم ہیں، جہاں رزقِ حلال کے ساتھ ساتھ بار بار حاضری کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں مملکتِ سعودی عرب نہایت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور اقوامِ عالم میں ایک ممتاز مقام حاصل کر چکی ہے۔
تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ ارضِ مقدس سے تمام مسلمانوں کا دینی اور روحانی رشتہ ہے، ہر صاحبِ ایمان کا دل مملکت کی محبت سے لبریز ہے۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے مملکت کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔